بنگلورو،4اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاستی وزراء جناب روشن بیگ اور کے جے جارج نے آج دارالعلوم سبیل الرشاد پہنچ کر نئے امیر شریعت مولانا صغیر احمد صاحب رشادی کو ریاستی حکومت کی طرف سے تہنیت پیش کی اور انہیں تیقن دیا کہ ملی امور پر حسب سابق امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی صاحب ؒ کے ساتھ ریاستی حکومت نے تال میل کا جو معاملہ رکھاتھا اسے آگے بڑھایا جائے گا۔آج صبح جناب روشن بیگ اور کے جے جارج نے دارالعلوم سبیل الرشاد پہنچ کر مولانا صغیر احمد صاحب کو ریاستی حکومت کی طرف سے تہنیتی گلدستہ پیش کیا اور شال پوشی کی۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ امیر شریعت دوم مفتی محمد اشرف علی صاحب ؒ سے ریاستی حکومت کے کافی گہرے مراسم رہے ہیں، مسلمانوں کو کسی بھی درپیش مسئلے پر ریاستی حکومت کی طرف سے حضرت امیر شریعت سے رہنمائی حاصل کی جاتی اور انتہائی جذبے کے ساتھ امیر شریعت ریاستی حکومت بالخصوص اقلیتی طبقہ سے وابستہ وزارء، جن میں بذات خود وہ اور کے جے جارج شامل ہیں، کی رہنمائی کرتے۔ انہوں نے کہا کہ نئے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی کے ساتھ بھی ریاستی حکومت کی طرف سے تعلقات کا یہی خوشگوار سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور مسلمانوں کے کسی بھی مسئلے پر امیر شریعت سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ اس موقع پر مقامی کارپوریٹر نندا ، کلیم پاشاہ ، کے ایم ڈی سی چیرمین عبدالغفور ، ریاستی وقف بورڈ کے سابق چیرمین ڈاکٹر محمد یوسف ، دارالعلوم سبیل الرشاد کے مہتمم مولانا احمد معاذ رشادی ، دارالقضاء کے نائب قاضی محمد ہارون رشادی ، کے ایم ڈ ی سی کے ڈائرکٹر محمد الیاس ، کانگریس لیڈران پلکیشی ، واثق پاشاہ اور دیگر عمائدین موجود تھے۔